جمعرات 15 اکتوبر 2026 - 22:09
متاب جموں و کشمیر کے زیرِ اہتمام تین روزہ تعلیمی و تربیتی ورکشاپ ’’مطلع الفجر‘‘ کا انعقاد

حوزہ/متاب جموں و کشمیر کے زیرِ اہتمام گیارہویں تعلیمی، تربیتی اور فکری ورکشاپ ’’مطلع الفجر‘‘ کا تین روزہ پروگرام 2 سے 4 اکتوبر 2026ء تک امام بارگاہ الزہراء (ع)، باغِ زینب، علی آباد، شالیمار، سرینگر میں منعقد ہوا۔ خواتین سے مخصوص ان ورکشاپس میں وادی کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، متاب جموں و کشمیر کے زیرِ اہتمام گیارہویں تعلیمی، تربیتی اور فکری ورکشاپ ’’مطلع الفجر‘‘ کا تین روزہ پروگرام، امام بارگاہ الزہراء (ع)، باغِ زینب، علی آباد، شالیمار، سرینگر میں منعقد ہوا۔ خواتین سے مخصوص ان ورکشاپس میں وادی کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔

متاب جموں و کشمیر کے زیرِ اہتمام تین روزہ تعلیمی و تربیتی ورکشاپ ’’مطلع الفجر‘‘ کا انعقاد

تین روزہ پروگرام کے دوران تعلیمی، فکری، تربیتی اور اخلاقی نشستوں کا اہتمام کیا گیا۔

ورکشاپ کا بنیادی مقصد نوجوان نسل، بالخصوص خواتین میں موجودہ دور کے چیلنجز کے حوالے سے شعور و آگاہی پیدا کرنا، ان کی فکری صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور معاشرے میں ان کے مثبت اور مؤثر کردار کو فروغ دینا تھا۔

ورکشاپ میں حوزۂ علمیہ سے فارغ التحصیل فاضلات، محترمہ مرجانہ اختر، محترمہ سیدہ زاہدہ، محترمہ زمرودہ بانو، محترمہ تنویرہ علی، محترمہ سیدہ نرجس، محترمہ نرگس بانو، محترمہ شمائلہ زینب اور محترمہ رئیسہ اختر نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ ماہرِ نفسیات محترمہ سیدہ ندا زہراء نے بھی ایک خصوصی نشست میں شرکت کی۔

متاب جموں و کشمیر کے زیرِ اہتمام تین روزہ تعلیمی و تربیتی ورکشاپ ’’مطلع الفجر‘‘ کا انعقاد

اساتذہ نے تہذیبی یلغار، طرزِ زندگی، فہم و شعور، جدید دور کے چیلنجز، سماجی مسائل، فکری و اخلاقی تربیت اور معاشرے میں مثبت کردار جیسے اہم موضوعات پر اظہارِ خیال کیا۔

مختلف نشستوں اور گروہی مباحثوں کے ذریعے شرکاء کو معاشرتی حالات کا شعوری جائزہ لینے اور مسائل کے حل کے لیے مثبت، تعمیری اور ذمہ دارانہ رویہ اپنانے کی ترغیب دی گئی۔ حقیقی اسلامی تعلیمات اور سیرتِ اہلِ بیتِ رسولؐ و ائمۂ ہدیٰ علیہم السلام کو عملی زندگی کا حصہ بنانے پر بھی خصوصی زور دیا گیا۔

متاب جموں و کشمیر کے زیرِ اہتمام تین روزہ تعلیمی و تربیتی ورکشاپ ’’مطلع الفجر‘‘ کا انعقاد

ورکشاپ کے دوران منشیات کے خلاف خصوصی آگاہی مہم بھی منعقد کی گئی، جس میں ماہرِ منشیات ڈاکٹر فدا حسین نے شرکت کی۔

اس نشست کا مقصد نوجوان نسل کو منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان، اس کے تباہ کن اثرات اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے سماجی و اخلاقی مسائل سے آگاہ کرنا تھا۔

متاب جموں و کشمیر کے زیرِ اہتمام تین روزہ تعلیمی و تربیتی ورکشاپ ’’مطلع الفجر‘‘ کا انعقاد

شرکاء کو منشیات کے مضر اثرات سے محفوظ رہنے اور معاشرے کو اس مہلک وبا سے پاک کرنے کے لیے اپنا مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کی ترغیب دی گئی۔

ورکشاپ کے شرکاء نے معلمات اور اساتذہ کی رہنمائی میں وادی کے مشہور مغل باغ شالیمار باغ کی سیر بھی کی۔

اس موقع پر سیر و تفریح کے ساتھ حیا، عفت و پاک دامنی اور کشمیر کی انسانیت ساز ثقافت کے فروغ پر زور دیا گیا۔

شرکاء کو منشیات، بے حیائی، بے راہ روی اور دیگر مہلک معاشرتی برائیوں سے محفوظ رہنے اور اپنی دینی، اخلاقی و ثقافتی شناخت کو مضبوط بنانے کی تلقین کی گئی۔

متاب جموں و کشمیر کے زیرِ اہتمام تین روزہ تعلیمی و تربیتی ورکشاپ ’’مطلع الفجر‘‘ کا انعقاد

اس موقع پر ادارہ متاب کے اہم تعلیمی شعبے ’’بعثت اکیڈمی‘‘ کا تعارف بھی پیش کیا گیا۔ اس کے تحت شرکاء کے لیے قرآنِ حکیم، نہج البلاغہ اور صحیفۂ سجادیہ کے تعارف پر مبنی تین اہم آن لائن تعلیمی کلاسز کے ذریعے اپنے علمی سفر کو جاری رکھنے کا منصوبہ پیش کیا گیا۔

ورکشاپس کی اختتامی تقریب پُروقار انداز میں منعقد ہوئی، جس میں ادارہ متاب جموں و کشمیر کے خدمت گزار حجت الاسلام مولانا بشیر احمد بٹ نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے بگڑے ہوئے ماحول میں جب انسان اپنی اصل قدر و قیمت کو پہچان لیتا ہے اور اپنے کردار کا بھرپور مظاہرہ کرتا ہے تو وہ نہ صرف اپنی نجات کا ذریعہ بنتا ہے، بلکہ معاشرے کی اصلاح میں بھی مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔

متاب جموں و کشمیر کے زیرِ اہتمام تین روزہ تعلیمی و تربیتی ورکشاپ ’’مطلع الفجر‘‘ کا انعقاد

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا بشیر احمد بٹ نے کہا کہ ورکشاپس کا اختتام آپ کی زندگی کا نیا آغاز ہے۔ لہٰذا ہمیشہ اپنے رب اور امامِ عصر عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف سے تعلق کو اپنی زندگی کا مرکز بنائیں، اپنے وقت اور صلاحیتوں کو مقصدِ زندگی کے لیے استعمال کریں اور اپنے کردار کے ذریعے اہلِ بیت علیہم السلام کی پہچان بنیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ورکشاپس کے اختتام کے بعد خواتین بعثت اکیڈمی کے ذریعے اپنے علمی و تربیتی سفر کو مسلسل جاری رکھ سکتی ہیں، تاکہ دین اور جدید علوم کے متوازن امتزاج کے ساتھ اپنی شخصیت اور صلاحیتوں کو مزید نکھار سکیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha